ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے مضافات میں ایک کے بعد ایک جگہ پر لگ گئی آگ؛ کاجو باغ، گھاس پوس اور دو دکانوں میں آگ لگنے سے لاکھوں مالیت کا نقصان

بھٹکل کے مضافات میں ایک کے بعد ایک جگہ پر لگ گئی آگ؛ کاجو باغ، گھاس پوس اور دو دکانوں میں آگ لگنے سے لاکھوں مالیت کا نقصان

Mon, 08 Feb 2021 17:37:17    S.O. News Service

بھٹکل 8 فروری (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے سوڈی  گیدے کراس، بیلکے، کان موڈلو، کُنٹوانی اور موگلی ہونڈا میں آج صبح ایک کے بعد ایک علاقوں میں آگ لگنے کے واقعات کے بعد  فائر بریگیڈ کے عملے کو آگ پر قابو پانے میں کافی دشواریوں کا سامنا پیش کرنا پڑا۔ ایک جگہ پر آگ بجھانے کے دوران ہی پتہ چلا کہ دوسری جگہ بھی آگ لگی ہے، دوسری جگہ پہنچتے ہی تیسری جگہ پر آگ لگنے کی خبر موصول ہوئی جس کے نتیجے میں جب  فائر بریگیڈ کا عملہ ایک طرف آگ پر قابو پاکر دوسری اور تیسری جگہ پہنچا تو    عملے کو لوگوں  نے  آڑے ہاتھوں لیا اورتاخیر سے پہنچنے پرسخت ناراضگی ظاہر کی۔ آگ لگنے کی یہ وارداتیں  پیر کی صبح پیش آئیں۔

فائر بریگیڈ کے ایک عملہ نے بتایا کہ انہیں صبح نو  بجے سوڈی گیدے کراس پر  آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، یہاں کاجو کی جھاڑیوں سمیت  اور جنگلی جھاڑیوں میں شدید آگ لگی تھی، کافی دقتوں کے بعد ہم نے  آگ پر قابو پایا، اسی دوران بیلکے میں  گھاس پوس اور جانوروں کے چاروں کو آگ لگنے کی اطلاع ملی، یہاں پر آگ بجھا ہی رہے تھے کہ  موگلی ہونڈا میں گُجری کی دکان اور ایک چکن دکان میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ انہوں نے بتایا کہ  بھٹکل  میں فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں ہیں، مگر گذشتہ کچھ دنوں سے ایک گاڑی خراب ہونے کی وجہ سے مرمت کے لئے دی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے ایک ہی گاڑی کی مدد سے  کام چلانا پڑ رہا ہے۔  ساحل آن لائن کو فون پر معلومات دیتے ہوئے اس عملہ نے بتایا کہ  پہلی جگہ آگ لگنے کے بعد دوسری جگہ پر آگ بجھانے کے لئے جانے سے پہلے ہمیں فائر بریگیڈ میں پانی بھرنا تھا، ہم نے بیلکے کے ایک تالاب سے پانی بھرلیا،  موگلی ہونڈا میں آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر ہمیں   پھر پانی بھرنے کی ضرورت پیش آئی، پانی بھر کر جب موگلی ہونڈا پہنچے تو عوام ہم پر تاخیر سے آنے کی شکایت کرتے ہوئے برس پڑے۔

موگلی ہونڈا نیشنل ہائی وے پر  واقع کباڑے کی  دکان میں  دوسال پہلے بھی  آگ لگنے کی واردات پیش آئی تھی،اس بار اس دکان سے متصل ایک چکن اسٹور میں بھی آگ لگی جس سے کافی نقصان ہوا ہے۔ فائر بریگیڈ تاخیر سے پہنچنے کی وجہ سے  یہاں عوام نے پانی   بالڈیوں میں بھر بھر کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، پولس بھی عوام کا ساتھ دیتی نظر آئی، مگر پھر فائر بریگیڈ کے عملے نے  کمان سنبھال لی اور آگ پر قابو پالیا۔

ہائی وے پر واقع دکان پر آگ لگنے سے سڑک کے دونوں طرف  سواریوں کی لمبی لائن لگ گئی، کیونکہ آگ لگنے کے بعد اتنا  کثیف دھواں پھیلا کہ آسمان پر کافی بلندیوں تک آگ کی چادر دور دور سے بھی نظر آرہی تھی۔ دھواں  اتنا گاڑھا  تھا کہ  دھووں کے درمیان سے گاڑیوں کو گذرنا ممکن نہیں تھا کچھ دیربعد جب فائر بریگیڈ یہاں پہنچی تو لوگوں نے تاخیر سے پہنچنے پر فائر بریگیڈ کے عملے پر سخت ناراضگی ظاہر کی، اس دوران پولس کے ساتھ بھی عوام  بھڑتے نظر آئے۔ کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔

اس دوران خبر ملی  کہ  کُنٹوانی  میں بھی آگ لگنے کی واردات پیش آئی، مگر فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پرپہنچنے تک آگ پر قابو پالیا گیا تھا۔ گھاس ، جانوروں کا چارہ، کاجو باغ کی جھاڑیوں اور گجری دکان سمیت چکن دکان  کو آگ لگنے سے لاکھوں مالیت  کا نقصان ہوا ہے۔

 


Share: